پاہو پلوامہ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے مرہامہ گاوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم میں دو پاکستانی جنگجو جاں بحق ہوئے۔ آئی جی کشمیر نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں سال 2018سے شوپیاں اور کولگام اضلاع میں سرگرم تھے۔ ادھر پلوامہ کے پاہو علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی ضلع کولگام کے مرہامہ گاوں میں رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ اتوار کی صبح کو اختتام کو پہنچی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کی شام کو سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد گاوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا جس دوران ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا جبکہ سیکورٹی فورسز نے اس علاقے کو رات بھر محاصرے میں لے رکھا اور اتوار کی صبح پھر سے جنگجووں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا اور کچھ عرصے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں دوسرا جنگجو بھی مارا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں جنگجو پاکستان کے ساکن ہے اور اُن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ مرہامہ کولگام تصادم میں جیش سے وابستہ دو پاکستانی ملی ٹینٹ مارے گئے۔انہوں نے مہلوکین کی شناخت سلطان پٹھان اور زبی ا للہ ساکنان پاکستان کے بطور کی۔آئی جی کشمیر نے مزید کہا کہ دونوں سال 2018 سے شوپیاں اور کولگام بیلٹ میں سرگرم تھے اور ا±ن کی ہلاکت سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے۔ادھر اتوار کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین پاہو پلوامہ میں گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ پولیس ترجمان نے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر لکھا کہ پاہو پلوامہ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ہے۔