گاڑی میں سوار فوجی انکاونٹر میں حصہ لینے کی خاطر زینہ پورہ جا رہے تھے کہ راستے میں ہی حادثہ پیش آیا /پولیس
شوپیاں کے کنی پورہ میں فوجی گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں دو فوجیوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ دو کو نازک حالت میں بادامی باغ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق بادی گام شوپیاں میںتصادم کی اطلاع ملتے ہی 44آر آر سے وابستہ ایک گاڑی اس میں حصہ لینے کی خاطر مقامی کیمپ سے روانہ ہوئی تاہم کنی پورہ کے مقام پر پہنچتے ہی فوج کی یہ گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں اس میں سوارسات اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے 2اہلکاروں کو مردہ قراردیا جبکہ دو کو نازک حالت میں بادامی باغ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ یو پی آئی نے اس ضمن میں جب شوپیاں پولیس کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ کنی پورہ شوپیاں کے نزدیک ایک فوجی گاڑی ڈرائیور کے قابوسے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 2اہلکار از جان ہوئے۔