اسلام آباد ۹ اپریل (ایجنسیز) وزیر اعظم عمران خان کی قیادت والی حکومت نے ہفتہ کے روز قومی اسمبلی کا اجلاس بحال کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کےخلاف نظرثانی کی درخواست دائر کی ہے ۔ یہ عرضی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے عین قبل دائر کی گئی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ریویو پٹیشن میں کہا ہے کہ ہائی کورٹ مذکورہ معاملے میں 7 اپریل کو دیے گئے اپنے حکم پر نظرثانی کرے ۔ یہ حکم غلطیوں پر مبنی ہے اسلئے یہ حکم واپس لیا جانا چاہئے ۔ حکومت نے کہا کہ فوری طورپر اسٹے آرڈر جاری کیا جائے ۔ رپورٹ کے مطابق نظرثانی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس حکم سے کسی تفصیلی وضاحت کے بغیر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 189 اور آرٹیکل 184(3) کے حوالے سے عدالتی فیصلہ ظاہر نہیں ہوتا ہے ۔ درخواست گزار نے کہا کہ سپریم کورٹ نے یہ سمجھنے میں غلطی کی ہے کہ ایوان کی کارروائی کے لیے پارلیمنٹ خودمختار، بالاتر ادارہ ہے اور وہ سپریم کورٹ یا کسی دوسری عدالت کے دائرہ اختیار میں جوابدہ نہیں ہے ۔ بنابریں عدالتی حکم سے قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔