نئی دہلی: ۸۲ مارچ (یو این آئی) ملک میں تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیر کو لگاتار چوتھے دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 30 اور 35 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آج راجدھانی دہلی میں پٹرول 99.41 روپے اور ڈیزل 90.77 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے، جبکہ اتوار کو پٹرول 99.11 روپے اور ڈیزل 90.42 روپے فی لیٹر تھا۔ تیل کمپنیوں نے 137 دن کے استحکام کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ شروع کیا ، جس کی وجہ سے گزشتہ سات دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں چھ گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ ممبئی میں پٹرول کی قیمت 31 پیسے بڑھ کر 114.19 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 37 پیسے بڑھ کر 98.50 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاو¿ آرہا ہے جس کے سبب لندن برینٹ کروڈ آج 2.45 فیصد سے گھٹ کر117.70 ڈالر فی بیرل اور یو ایس کروڈ 2.74 فیصد گھٹ کر ڈالر 110.78 فی بیرل ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی کی بنیاد پر نئی قیمتیں روزانہ صبح 6 بجے سے لاگو ہوتی ہیں۔