یوکرین کیخلاف روس کے فوجی آپریشن کو اسٹریٹجک مدد فراہم کرنے کا الزام
ماسکو: ۵۲ مارچ (یو این آئی/ اسپوتنک) آسٹریلیائی حکومت نے جمعہ کو بیلاروس کے صدر الیگڑینڈر لوکاشینکو اور ان کے خاندان کے افراد پر یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کو اسٹریٹجک مدد فراہم کرنے کی وجہ سے پابندیاں عائد کر دیں۔ آسٹریلیائی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔وزارت نے کہا،’آسٹریلیائی حکومت نے بیلاروسی صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور ان کے خاندان کے افراد پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ہم ان کے بیٹے وکٹر لوکاشینکو اور بیلاروس کی خاتون اول گیلینا لوکاشینکو پر بھی پابندی عائد کر رہے ہیں۔ ان کے بیٹے قبل ازیں بیلاروسی حکومت میں قومی سلامتی کے اعلیٰ عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں‘۔وزارت نے کہا کہ حکومت نے 22 روسی پروپیگنڈا کرنے والوں اور پروپیگنڈے کے حامیوں‘ پر بھی پابندی عائد کی ہیں۔ وزارت کے مطابق بیلاروس کے خلاف یہ پابندیاں یوکرین کی خودمختاری اور سالمیت پر حملے میں روس اور اس کی فوجی دستوں کی تزویراتی مدد کی وجہ سے لگائی گئی ہیں۔