ہم دھمکیوں سے مرعوب ہونیوالے نہیں ہیں: پوتن
ماسکو: ۷۱ مارچ (ایجنسیز) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ ’یوکرین پر کامیاب حملہ کیا گیا ہے اور وہ اسے روس کو دھمکیاں دینے کی جگہ نہیں بننے دیں گے۔‘ روسی صدر نے کہا کہ آپریشن پلان کے مطابق کامیابی سے جاری ہے۔ روس کے پاس فوج بھیجنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا۔ ہم ہرگز اجازت نہیں دینگے کہ یوکرین سے روس کے خلاف جارحانہ کارروائیاں ہوں۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروو نے کہا کہ یوکرین کی جانب سے ’غیرجانبداری‘ پر بات کرنے پر رضامندی کے بعد امن معاہدہ طے ہونے کے قریب ہے۔ روسی وزیر خارجہ کے اس بیان کے بعد امید بندھی ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد ہونے والی یورپ کی سب سے بڑی جنگ ختم ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے نیٹو میں شمولیت کے بغیر سکیورٹی گارنٹی کے ساتھ یوکرین کی غیر جانبداری کی بات کی تھی۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’مذاکرات آسان نہیں، لیکن امید ہے کہ سمجھوتہ ہوجائے گا۔‘ یوکرین نے بھی مذاکرات کے حوالے سے مثبت بیانات دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’وہ مذاکرات کیلئے تیار ہے، لیکن وہ نہ تو ہتھیار ڈالے گا اور نہ ہی روسی الٹی میٹم کو مانے گا۔‘ سرگئی لاروو کا کہنا تھا کہ ’مرکزی نکات میں مشرقی یوکرین کے عوام کی سکیورٹی، یوکرین کو غیر فوجی قرار دینا اور یوکرین میں روسی زبان بولنے والوں کے حقوق شامل ہیں۔