جنگجو مخالف آپریشنوں میں تیزی کے بیچ وسطی ضلع بڈگام کے ماچھوا علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین خونین معرکہ آرائی میں ایک مقامی جنگجو جاں بحق ہو گیا جبکہ جائے جھڑپ سے فرار ہوئے دوسرے جنگجو کو کھریو علاقے سے زندہ گرفتار کر لیا گیا ۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ماچھوا بڈگام آپریشن کے دوران ایک جنگجو ہلاک ہو گیا جبکہ جھڑ پ کے مقام سے فرار دوسرے جنگجو کو کھریو میں گرفتار کیا گیا ہے
۔انہوںنے کہا کہ یہ گرفتاری ایک خصوصی اطلاع کے بعد عمل میں لائی گئی اور گرفتار شدہ جنگجو کے قبضے سے ایک پستول اور ایک گرینیڈ بر آمد کئے گئے۔ دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بڈگام کے ماچھوا علاقے میں جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے مشتر کہ طور علاقے کو سنیچروار کی صبح علاقے کا محاصرہ کیا اور وہاں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی سیکورٹی فورسز نے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا تو وہاں ایک رہائشی مکان میں چھپے بیٹھے جنگجوﺅں نے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی علاقے میں دو بددو جھڑپ شروع ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران فورسز کی اضافی کمک علاقے کی جانب روانہ کی گئی جنہوں نے پورے علاقے کو سیل کر دیا اور جنگجوﺅںکے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی جھڑپ کے ساتھ ہی علاقے میں شدید گولیوں کا تبادلہ ہواور علاقے کو مکمل طور پر سیل کیا گیا تاکہ جنگجو ﺅں کو فرار ہونے کا موقعہ نہ ملا۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقے میںکئی گھنٹوں تک جاری فائرنگ کے تبادلے کے بعد جونہی خاموشی چھا گئی تو ایک جنگجو کی نعش بر آمد کر لی گئی جس کی شناخت البدر جنگجو شاکر بشیر ڈار ولد بشیر احمد ڈار کے طور پر ہوئی جو کہ پلوامہ کے گوری پورہ ، اونتی پورہ کا رہائشی تھا جبکہ جھڑپ کے مقام سے فرارہونے والے دوسرے جنگجو کو کھریو علاقے سے زندہ گرفتار کر لیا گیا ۔ پولیس نے جھڑپ میں ایک جنگجو کی ہلاکت اور دوسرے کی زندہ گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط کر لیا گیا ۔
پولیس کے مطابق بڈگام کے موچھوا علاقے میں البدر تنظیم سے وابستہ ایک جنگجو سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا جبکہ لشکر طیبہ کا دوسرا جنگجو جو کہ فرار ہو گیا تھا کو ایک ٹرک ڈرائیور کے ساتھ ضلع پلوامہ کے کھریو پامپور علاقے میں گرفتار کیا گیا۔پولیس کے ایک بیان میں جاں بحق البدر جنگجو کی شناخت شاکر بشیر ڈار ولد بشیر احمد ڈار کے طور پر کی گئی ہے جو کہ ضلع پلوامہ کے گوری پورہ ، اونتی پورہ کا رہائشی تھا جبکہ گرفتار ہونے والے لشکر طیبہ کے جنگجو کی شناخت شبیر احمد نجار ساکن ووین کھریو کے طور کی گئی۔پولیس نے ایک ٹویٹ میں انسپکٹر جنرل کشمیر رینج وجے کمار کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا”ماچھوا بڈگام آپریشن کے دوران فرار دوسرے جنگجو کو کھریو میں گرفتار کیا گیا ہے۔یہ گرفتاری ایک خصوصی اطلاع کے بعد عمل میں لائی گئی اور گرفتار شدہ جنگجو کے قبضے سے ایک پستول اور ایک گرینیڈ بر آمد کئے گئے“۔پولیس نے پہلے ہی جاں بحق جنگجو کی تحویل سے ایک بندوق اور ایک پستول بر آمد کرنے کا دعویٰ کی۔