ڈویڑن کشمیر، ڈپٹی کمشنر سرینگرنے زمین کے مالکان کو لینڈ پاس بکس حوالے کیں
اس اقدام کا مقصد خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانا، ریونیو کے نظام میں شفافیت، احتساب کو بڑھانا:ڈویڑنل کمشنر
سرینگر/محکمہ ریونیو میں عوامی خدمات کی فراہمی میں شفافیت کو فروغ دینے کے لیے اصلاحات کے طور پر ضلع انتظامیہ سرینگر نے ہفتے کے روز راضی کے قانونی مالکان کو لینڈ پاس بک جاری کرنے کا عمل شروع کیا۔اس سلسلے میں ڈی سی آفس کمپلیکس سرینگر کے میٹنگ ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈویژنل کمشنر کشمیر، پنڈورانگ کے پولے نے ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اس کی موجودگی میں زمین کے مالکان کو لینڈ پاس بکس حوالے کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈوکام نے اس اقدام کو شفافیت اور گڈ گورننس کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ انہوں نے بہت کم وقت میں اس سہولیت کو ممکن بنانے پر محکمہ ریونیو اور متعلقہ آئی ٹی ایجنسی کی تعریف کی۔انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ کشمیر ڈویژن کے تمام زمینداروں تک یہ سہولت پہنچائیں۔ڈویژنل کمشنر نے مزید کہا کہ یہ لینڈ پاس بک اردو، انگریزی اور ہندی زبانوں میں لکھی گئی ہے تاکہ معلومات کے خلا کو پر کرنے اور لوگوں کی ریونیو کے ریکارڈ تک آسانی سے رسائی کو فروغ دینے کے لیے خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ لینڈ پاس بک بہت آسان شکل میں زمین کے مالکان کو ریونیو سے متعلق معلومات فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ مالیاتی اور دیگر اداروں کے سامنے پیش کرنے کے لیے ایک درست دستاویز کے طور پر کام کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے زمین کے مالکان کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے یہ اہم دستاویز حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر سرینگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور اس اقدام کو خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے، ریونیو ریکارڈ سسٹم میں شفافیت اور جوابدہی کو بڑھانے کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا لینڈ ریکارڈ ماڈرنائزیشن پروگرام (ڈی آئی ایل آر ایم پی) کے تحت ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے بڑے پیمانے پر ریونیو ریکارڈز کو اسکین کیا ہے اور انہیں لوگوں کی جانچ کے لیے ”اپنی زمین اپنی نگرانی“کے تحت پبلک ڈومین میں رکھا ہے۔لینڈ پاس بک کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے، ڈی سی موصوف نے کہا کہ محکمہ ریونیو کی طرف سے تجویز کردہ لینڈ پاس بک ریونیو ریکارڈ کے مطابق ہے اور اسے بغیر کسی پریشانی کے آن لائن تیار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر زمیندار کو جاری کردہ لینڈ پاس بکس میں ریونیو اسٹیٹ میں جمع بندی کا اندراج ہوتا ہے، تاکہ زمیندار اس کا استعمال کریڈٹ کی سہولیات اور اس سے منسلک دیگر امور کے لیے کر سکےں۔ڈی سی نے مزید کہا کہ ہر لینڈ پاس بک میں ایک منفرد آئی ڈی اور کیو آر QR کوڈ اضافی سیکیورٹی فیچر کے طور پر ہوتا ہے اور کیو آر کوڈ کی مدد سے کوئی بھی ادارہ، فرد یا کوئی ایجنسی لینڈ پاس بک کی اسناد اور صداقت کی تصدیق کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مختلف فورمز پر مختلف شکایات، قانونی چارہ جوئی، تنازعات کے ازالے کا ایک ذریعہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ لینڈ پاس بک زمین کی ملکیت کا شناختی کارڈ ہے۔اس موقع پرتحصیلدار جنوبی سرینگر، متعلقہ نائب تحصیلدار اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔دریں اثنا، ضلع سرینگر کی دیگر تحصیلوں بشمول پنتھاچوک،شالہ ٹینگ، خانیار، سرینگر نارتھ، چھانہ پورہ اور عیدگاہ میں بھی اسی طرح کی تقریبات منعقد کی گئیں جن میںاراضی کے مالکان کو لینڈ پاس بکس جاری کی گئیں۔تحصیل سطح کے پروگراموں کی صدارت پروگرام آفیسر، آئی سی ڈی ایس، ڈپٹی
ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ، اے سی آر، سری نگر، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر اور ضلع پنچایت آفیسر، سری نگر نے کی۔