نئی دلی میں وزیر داخلہ کی صدارت میں جمعہ کو جموں کشمیر میں امن و قانون اور تعمیر وترقی کی جائزہ میٹنگ منعقدہوئی جس میں جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے دفتر کے افسران ، چیف سیکریٹری ، چیف آف آرمی سٹاف ، قومی سلامتی کے مشیر ، ودیگر خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ عہدیدارون نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں حد بندی کمیشن کی حالیہ عبوری رپورٹ اور اس پرسیاسی جماعتوں کے رد عمل پر بھی بات کی گئی ۔ اطلاعات کے مطابق نئی دلی میں جموں کشمیر کی موجودہ حفاظتی صورتحال ، امن و قانون اور تعمیراتی سرگرمیوں کے علاوہ مرکزی سرکار کی جانب سے جاری کردہ سکیموںکی عمل آوری کے علاوہ حد بندی کمیشن کی عبور ی رپورٹ اور اس پر سیاسی ردعمل بھی بھی تفصیلی بات کی گئی ۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں منعقد ہوئی اس میٹنگ میں جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرکے دفتر سے منسلک افسران ، چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبال ، فوج کے سربراہ کے علاوہ دیگر خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ عہدیداروںنے شرکت کی ۔ میٹنگ میں جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کااظہار کیا گیا ۔ میٹنگ میں وزیر داخلہ امت شاہ نے بتایا کہ سال 2019اگست کے بعد سے وادی کشمیر کے حالات میں آسمان و زمین کا فرق دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ ملٹنسی کے واقعات میں قریب 80فیصدی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ لوگوں کی جانب سے سڑکوںپرنکلنے کا رجحان بھی اب ختم ہوچکا ہے ۔ انہوںنے بتایا ہے کہ مرکزی سرکار کی کوششوں سے یہ ممکن ہوسکا ہے کہ جموںکشمیر کے نوجوان اب ملٹنسی سے کنارہ کشی اختیار کررہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی سرکار جموں کشمیر میں تیز تر ڈیولپمنٹ اور روزگار کے مواقعے پیداکرنے کی وعدہ بند ہے ۔ امت شاہ نے بتایا کہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ حتمی نہیں ہے اور اس میں اگر کمیشن کو لگتا ہے کہ ترمیم کی ضرورت ہے تو وہ کرسکتے ہیں تاہم انہوںنے بتایا کہ اس حد بندی کمیشن نے رپورٹ تیار کرتے وقت تمام طبقات کو مد نظررکھا ہے اور ہر کسی علاقے اور طبقہ کی نمائندگی کا خیال رکھاگیا ہے ۔ اس موقعے پر انہوںنے جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیرمیں بہت جلد نوجوانوں کےلئے روزگار کے حوالے سے اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔ اس سے قبل میٹنگ میں جموں کشمیر چیف سیکریٹری نے میٹنگ میں جموں کشمیر میں جاری تعمیر و ترقی اور مرکزی معاونت والی سکیموں پر عمل آوری کے بارے میں مفصل جانکاری دی ۔