طویل مدتی ویزا ہندوستان کو ایک اہم سفری منزل کے طور پر قائم کرنے میں مدد کریگا
نئی دہلی(یو این آئی)اومیکرون انفکشن کا خطرہ تھمنے کے بعد حالات بہتر ہونے کے اشارے اور تمام ممالک میں آمدورفت میں چھوٹ کے درمیان وزارت سیاحت نے ہندستان آنے والے غیر ملکی شہریوں کے لیے چھ مہینے کے سیاحتی ویزہ کی تجویز پیش کی ہے ۔ ایک اعلیٰ افسر نے بتایاکہ اس نے وزارت داخلہ کو بتایا ہے کہ طویل مدتی ویزا ہندوستان کو ایک اہم سفری منزل کے طور پر قائم کرنے میں مدد کرے گا۔ ہم نے آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ پابندیاں ہٹانے اور چھ ماہ یا اس سے زیادہ کے لیے سیاحتی ویزے جاری کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ وزارت صحت کی جانب سے قرنطینہ کے قوانین میں کافی نرمی کی گئی ہے ۔ ہمیں وزارت داخلہ سے بھی مثبت جواب کی توقع ہے ۔انڈین ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز(آئی اے ٹی او)کے صدر راجیو مہرا نے کہا کہ اس وقت حکومت غیر ملکی سیاحوں کو 30 دن کا سنگل انٹری ویزا دے رہی ہے ۔ اس کے ساتھ انہوں نے صنعت کے شعبے کے لیے ویزہ کے قوانین کو آسان بنانے پر بھی زور دیا۔ سیاحوں کو طویل المدتی ویزے دینے کے ساتھ ساتھ کمرشل پروازیں بھی بحال کی جائیں۔ اس سے کم از کم مارکیٹ کا اعتماد بحال ہو گا۔ غیر ملکی سیاح اس وقت ہندوستان اور دیگر ممالک کے درمیان ایئر ببل معاہدے کے تحت چلائی جانے والی پروازوں سے ہندوستان کا سفر کررہے ہیں۔ 15 دسمبر 2021 سے شروع ہونے والی عام پروازیں اومیکرون وائرس کے انفیکشن کے پھیلاو¿ کا حوالہ دیتے ہوئے معطل کر دی گئی تھیں۔ تاہم بعد میں حکومت نے بتدریج پابندیوں میں نرمی کی۔وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق 6 اکتوبر 2021 سے 21 جنوری 2022 تک کل 56392 ریگولر سیاحتی ویزے اور 111141 ای ٹورسٹ ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ گزشتہ دو سال کورونا وبا کی وجہ سے سفر اور مہمان نوازی کی صنعت کی تاریخ میں بدترین رہے ہیں۔ اس دوران لوگوں میں مہلک وائرس کے انفیکشن کے خدشے کے پیش نظر غیر ضروری سفر کو ملتوی کر دیا گیا ہے ۔