سرینگر میں بدھ کے روز ٹی آر ایف کے ساتھ مبینہ طور پر وابستہ چار افراد کو گرفتار کرنے کا پولیس نے دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ مصدقہ اطلاع کی بناءپر پولیس نے ان افراد کو گرفتار کرلیا ہے جو جنگجوﺅں کو مبینہ طور پر مختلف طریقے سے معاونت کررہے تھے ۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے باسط احمد ڈار ساکن ریڈونی کولگام اور مومن گلزار ساکن عید گاہ سرینگر کی گرفتاری عمل میں لائی ۔ ان افراد پر الزام ہے کہ وہ جنگجوﺅں کو وادی میں جنگجوئیانہ سرگرمیاں انجام دینے کےلئے معانت کررہے تھے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں متعلقہ دفتات کے تحت کیس درج کرلیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اب تک اس معاملے میں چار افراد کی گرفتار ی عمل میں لائی گئی ہے جن میں بشارت احمد پامپوری ولد بشیر احمد پامپوری ساکن میدان پورا سرینگر ، عادل شفیع بٹ ولد محمد شفیع بٹ ساکن دریش کدل سرینگر ، مزمل فیاض صوفی ولد فیاض احمد صوفی ساکن باغ سندر پائین کاکہ سرائی ، کرنگر ، سرینگر اور عادل مشتاق میر ولد مشتاق احمد میر باغ سندر پائین میدان پورہ کے بطور بتائی جاتی ہے ۔