جموں کشمیر میں بجلی کے بنیادی ڈھانچہ کو بہتر بنانے سے روزگار کے وسائل بھی پیدا ہوں گے
سرینگر/
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں بجلی کی صورتحال کو بہتر بنانے کےلئے سرکار کام کررہی ہے اور بجلی کے بنیادی ڈھانچہ میں ترقی سے نوجوانوں کےلئے روزگار کی نئی راہیں نکلیں گی ۔ انہوںنے کہا کہ سرکار سرکاری بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور عوام کو دستیاب سہولیات کا معیار بڑھانے کےلئے سرگرمی کے ساتھ کام کررہی ہے ۔ ان باتوں کااظہار لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج جموں میں 216کروڑ روپے کی لاگت والے بجلی کے 22ترسیلی اور تقسیم کاری کے پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے موقعے پر کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر سے جاری کئے گئے سلسلہ وار ٹویٹ پیغامات میں کہا گیاہے کہ جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سوموار کے روز جموں میں 216کروڑ روپے لاگت والے بجلی کے 22پروجیکٹوں کا افتتاح کیا جس دوران انہوں نے بتایا کہ سرکار تب تک سرگرمی کے ساتھ کام کرے گی جب تک نہ جموں کشمیر کو ملک کا ترقی یافتہ علاقہ نہ بنایا جائے گا۔

منوج سنہا نے کہا کہ سرکار جموں کشمیر میں بجلی کی بہتر ترسیل کےلئے کام کررہی ہے اور پچھلے کئی سالوں سے بجلی کے بحران پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ سرکار بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور عوام کو دستیاب سہولیات کا معیار بڑھانے کےلئے سرگرمی کے ساتھ کام کررہی ہے ۔ ایل جی موصوف نے مزید بتایا کہ بجلی کے نئے پروجیکٹوں کی بدولت جموں ، سانبہ ، ہیرانگر ، کٹھوعہ ، اودھمپور اور دیگر ملحقہ علاقوں میں صارفین کو بلا خلل بجلی فراہم ہوگی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ انتظامیہ جموں کشمیر کے سبھی اضلاع میں بجلی کے سیکٹر بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور وسعت دینے کےلئے پوری طرح سے پر عزم ہے ۔ ایل جی موصوف کہا کہ سرکار بجلی کی ترسیل میں بہتری کےلئے کئی طرح کے اقدامات اُٹھارہی ہے جس سے نوجوانوں کےلئے متعدد رورزگار کے وسائل پیدا ہوں گے ۔ انہوںنے بتایا کہ بجلی کی بہتر سپلائی سے اقتصادی معاملات بھی حل ہوں گے جبکہ اس سے صنعت و تجارت کو بھی بڑھاواملے گا۔