وزیر اعظم افتتاحی تقریب میں رواں ماہ کے آخری ہفتے میں وارد کشمیر ہوں گے
فروری کے آخری ہفتے میں وزیر اعظم نریندر مودی مع وزیر داخلہ اور دیگر وزاءکے جموں کشمیر کا دورہ کررہے ہیں ، جس دوران وزیر اعظم یہاں صنعتی سرمایہ کاری کے کئی منصوبوں کا افتتاح کریں گے ۔ اس سلسلے میں جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج جموں میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کہا کہ میں نے وزیر اعظم کو جموں کشمیر کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ رواں ماہ کے آخری ہفتے میں وارد کشمیر ہوں گے ۔ ادھر سرکاری ذرائع نے بھی اس بات کی جانکاری دی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیرداخلہ امیت شاہ، وزیردفاع راجناتھ سنگھ اور صنعت وحرفت کے مرکزی وزیر بیرونی سرمایہ کاری اور صنعتوں کاقیام عمل میں لانے کے سلسلے میں جموںو کشمیر سرکار کی جانب سے منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کر رہے ہےں۔ ذررائع کے مطابق منعقد کی جانے والی یہ تقریب رواں ماہ کے آخر یامارچ کے پہلے ہفتے میں جموں میں منعقد کی جائےگی اور جموں وکشمیرمیں منعقد کی جانے والی اس تقریب کی سربراہی وزیراعظم کرینگے ۔ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کے لیے محکمہ صنعت کو 50 ہزار کروڑ روپے کے پرپوزل موصول ہوئے ہیں اور یہ وہ پرپوزل ہیں جن کی فیس جمع کرائی گئی ہے اور تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس "ڈی پی آر ایس” بھی جمع کرائی گئی ہیں۔منوج سنہا نے کہا کہ 20 ہزار کروڑ سے 25 ہزار کروڑ روپے کے پرپوزل میں سرمایہ کاری کے لیے زمین جلد ہی دی جائے گی اور اس حوالے سے سنگ بنیاد کی تقریب کی صدارت کے لیے ہم نے وزیر اعظم سے تاریخ مانگی ہے تاہم انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وزیراعظم اس تقریب میں شامل ہوں گے۔














