لکھنو¿(یواین آئی) اترپردیش حکومت نے کورونا انفکشن کے کم ہوتے معاملوں کے درمیان ریاست کے تعلیمی اداروں کو سات فروری بروز پیر سے کووڈ پروٹوکول پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے کھولنے کی اجازت دے دی ہے ۔ ریاست کے اڈیشنل چیف سکریٹری(داخلہ) اونیش کمار اوستھی کی جانب سے ہفتہ کی دیر رات جاری کئے گئے ہدایت کے مطابق اترپردیش میں جماعت 9تا12تک کے اسکول اور ڈگری کالجوں کو 07فروری سے کووڈ پروٹوکول پر عمل درآمد کرتے ہوئے کھولا جاسکے گا۔ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں کورونا انفکشن کی رفتار میں قابل ذکر کمی آنے کے پیش نظر سبھی پہلوو¿ں پر غوروخوض کرنے کے بعد حکومت نے سات فروری سے جماعت 9تا12تک کے اسکول کھولنے کی اجازت دی ہے ۔ اس سے پہلے کورونا انفکشن بڑھنے کی وجہ سے حکومت نے 16جنوری کو سبھی تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تعلیمی اداروں میں صرف آن لائن کلاسزجاری رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔ نئی گائیڈ لائنس کے تحت تعلیمی اداروں میں ماسک کی اجازت اور کووڈ ہیلپ ڈیسک کے قیام پر عمل کرتے ہوئے اگلی ہدایت تک اسکول۔ کالج میں کلاسز شروع کی جاسکیں گی۔













