جموں کشمیر میں 8لاکھ 33ہزار بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے
سرینگر/آفتاب نیوز//
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کشمیر میں 15سے 18برس تک کے بچوں کےلئے ٹیکہ کاری کا افتتاح کیا ۔ اس موقعے پر یوٹی کےلئے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بائز گاندھی نگر جموں میں اس مہم کا باضابطہ آغاز کیا گیا جہاں ایل جی موصوف نے اس کا افتتاح کیا ۔ اس موقعے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس عمر کے بچوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنے چھوٹے دوستوں سے کہتا ہوں کہ وہ ٹیکہ لگانے کےلئے آگے آئیں ۔ اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ ٹیکہ لگانے کے بعد لاپروہی سے کام نہیں لینا ہے بلکہ کووڈ پروٹوکول اور گائیڈ لائن پر مکمل عمل کرتے رہنا ہے تاکہ اس عالمی وبائی وائرس کو شکست دی جاسکے ۔
اس موقعے پر انہوںنے صحت شعبہ کے افسران پر زور دیا کہ وہ ٹیکہ لگانے والے بچوں کوزیر نگرانی رکھیں ۔ جموں کشمیر انتظامیہ نے 15سے 18برس تک کے بچوں کےلئے ٹیکہ کاری کےلئے تمام تر انتظامات پہلے ہی کئے تھے ۔مذکورہ عمر کے بچے ویکسنیشن سنٹروں میں اندارج کرانے کے علاوہ آن لائن بھی رجسٹریشن کرسکتے ہیں۔ اس دوران محکمہ سکول ایجوکیشن کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بچوں کو ٹیکہ لگانے کےلئے قائل کریں۔ جموں کشمیر میں کل 8لاکھ 33ہزار بچوں کو ٹیکہ کاری کے دائرے میں لایا جا رہا ہے اور جموں کشمیر کے 20اضلاع میں جاری ویکسنیشن مہم کے دوران ہر روز 1لاکھ بچوں کو ٹیکہ دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ٹیکہ کاری کے افتتاحی موقعے پر چندر موہن مئیر جی ایم سی ، راجیو رائے بھٹناگر صلاحکار ، ، ڈاکٹر ارون کمار مہتا چیف سیکریٹری ، ڈاکٹر راگو لنگر ڈویژنل کمشنر جموں کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ادھر حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے جموں وکشمیر کے بیس اضلاع میں 822 ویکسینیشن مراکز قائم کئے گئے ہیں۔محکمہ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے ایڈیشنل چیف سکریٹری وویک بھارد واج نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ سری نگر میں مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ایک ہمہ گیر پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں 8 لاکھ 33 ہزار بچوں کی ٹیکہ کاری کرائی جائے گی اور ہر روز ایک لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کے لئے 17 لاکھ ویکسینز کی ضرورت ہے اور اس کے لئے ہمارے پاس 2 لاکھ 80 ہزار ویکسین دستیاب ہیں۔موصوف نے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں اسٹاک پہنچانے کے لئے بھی بھر پور انتظامات کئے گئے ہیں۔