آگ بجھانے کیلئے جانے والی فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کی گاڑی کو حادثہ ، تین اہلکار زخمی
نٹی پورہ سرینگر میںشبانہ آتشزدگی میں لاکھوں روپیہ مالیت کا الیکٹرانگ سامان تباہ و برباد
جنوبی ضلع پلوامہ کے سنگرونی راجپورہ علاقے میں شبانہ آگ کی واردات میں تین رہائشی مکان جل کر خاکستر ہو گئے ۔ اسی دوران آگ بجھانے کیلئے جار ہی فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کی گاڑی حادثے کی شکار ہوئی جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور اور دو اہلکار زخمی ہو گئے ۔ ادھر سرینگر کے نٹی پورہ علاقے میںشبانہ آگ کی واردات کے دوران عمارت خاکستر ہوئی ہے جس میں لاکھوں روپیہ مالیت کا بجلی سامان تباہ و برباد ہوا۔نمائندے کے مطابق پلوامہ کے نچان دجن سنگرونی علاقے میں یکم اور دو جنوری کی درمیانی رات کو اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایک رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی ۔ عین شاہدین کے مطابق آگ اس قدر ہولناک تھی کہ اس نے دیکھتے دیکھتے بھیانک رخ اختیار کر لیااور اپنے لپیٹ میں دیگر مکانوں کو لیا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق آگ لگنے کے ساتھ ہی مقامی نوجوانوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو مطلع کیا جبکہ انہوں نے از خود آگ بجھانے کیلئے کارورائی شروع کر دی تھی تاہم جب تک آگ پر قابو پا یا گیا تب تک تین رہائشی مکان جل کر خاکستر ہوئے اور ان میں موجود تمام ساز و سامان راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ۔ اسی دوران مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اس بارے میں مطلع کیا جس کے بعد کیلر اسٹیشن سے ایک گاڑی سنگرونی کی طرف روانہ ہوئی تاہم ہلکی برف باری کے باعث شاہراہ پر پھسلن کے نتیجے میں فائر ٹینڈر کو ابہامہ کے نزدیک حادثہ پیش آیا جس وجہ سے گاڑی میں سوار ڈرائیور اور دو ااہلکاروں معمولی طورپر زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے کے بعد دیگر فائر اسٹیشنوں جن میں پکھر پورہ اور دربگام شامل ہیں سے گاڑیاں سنگرونی وانی پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پایا گیا۔پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے آگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں تین ڈھانچوں کو نقصان پہنچ گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی جبکہ بد قسمتی سے آگ بجھانے کیلئے گئی فائر اینڈ ایمرجنسی گاڑی راستے میں حادثے کی شکار ہوئی جس کے نتیجے میں تین فائر سروس اہلکار زخمی ہو گئے ۔ ادھر یکم اور 2 جنوری کی درمیانی رات کو بڈ شاہ نگر نٹی پورہ سرینگر میں تین منزلہ تجارتی عمارت سے آگ کے شعلے بلند ہوئے۔اگرچہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار فوری طورپر جائے واردات پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں لاکھوں روپیہ مالیت کا الیکٹرانک اور دوسرا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا۔