چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج محکمہ دیہی ترقی کو ہدایت دی کہ وہ جموںوکشمیر کے دیہی منظر نامے میں پائیدار ، عوام پر مرکوز ترقی کے سالانہ کیپکس اہداف کو پور کرنے کے لئے تیار ہوں۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار محکمہ کے کیپکس کا جائزہ لینے کے دوران کیا جس میں کمشنر سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔چیف سیکرٹری موصوف نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائے کہ محکمہ میں تمام کاموں میں ٹینڈرنگ پر عمل کیا جائے اور تمام اِنتظامی اور تکنیکی طور پرمنظور شدہ کاموں کو شفاف طریقے سے تیزی سے الاٹ کیا جائے۔ ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے محکمہ سے کہا کہ وہ کیپکس کے تحت 30,000 کاموں کے ہدف کو پورا کرے اور پی ایم اے وائی ۔جی کے تحت تمام اہلیت کے معاملات کو رواں مالی برس کے آخیر تک پورا کرے۔اُنہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ رواں سال کے دوران سوچھ بھارت مشن کے تحت تمام دیہاتوں کا احاطہ کرے اور اگلے سال مہیلا کسان سشکتی کرن پری یوجنا سکیم ( ایم کے ایس پی ایس ) کے تحت 4لاکھ مہیلا کسانوں کودائرے میں لائے تاکہ دیہی علاقوں میں خواتین کے لئے روزی روٹی کے پائیدار مواقع پیدا کئے جاسکیں۔کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ نے اَپنی پرزنٹیشن میں کہا کہ نان کنورجنس اور کنورجنسی دونوں کے زُمرے میں جاری محکمانہ کام رواں مالی سال کے دوران مکمل کئے جائیں گے۔کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ نے مزید کہا کہ ڈی ڈی سیزاور بی ڈی سیز کی رہائشی عمارتوں کی تعمیر کے لئے سال 2021-22 ءکے دوران 40 کروڑ روپے کی منظور دی گئی ہے اور رواں سال کے دوران ہاتھ میں لئے گئے 68کاموں کو مکمل کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔منریگا کے کاموں کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ جاری کردہ فنڈس کا 86فیصد اِستعمال کیا جاچکا ہے اور رواں برس کے دوران 215 لاکھ ایام کار پیدا کئے گئے ہیں۔