چین اور ہانگ کانگ کے حکام سے گرفتار ملازمین کو رہا کرنے کی امریکہ کی اپیل
واشنگٹن(یو این آئی) امریکہ نے چین اور ہانگ کانگ کے حکام سے میڈیا آرگنائزیشن کے گرفتار ملازمین کو رہا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت غداری نہیں ہے ۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بدھ کو کہاکہ "ہانگ کانگ کی حکومت نے 29 دسمبر کو اسٹینڈ نیوز کے دفتر پر چھاپہ مارا اور اس کے سات سینئر ملازمین کو گرفتار کر لیا۔ اسٹینڈ نیوز ملک کے ان چند باقی میڈیا اداروں میں سے ایک ہے جو اپنا کام آزادانہ طور پر کرتی ہے ۔ حکومت کے اس اقدام کی وجہ سے ادارہ اپنا کام بند کرنے پر مجبور ہے ۔ صحافت غداری نہیں ہے ۔مسٹر بلنکن نے چینی اور ہانگ کانگ کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ یہاں آزاد میڈیا اداروں کو نشانہ بنانا بند کریں۔امریکی وزیر خارجہ نے بتایاکہ "آزاد میڈیا کو خاموش کر کے پی آر سی اور مقامی حکام ہانگ کانگ کی ساکھ اور امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔” ایک خود اعتماد حکومت وہ ہوتی ہے جو سچائی سے خوفزدہ نہ ہو اور یہی حکومت آزاد پریس کو گلے لگاتی ہے ۔”اسپوٹنک کے مطابق بدھ کو جمہوریت کے حمایت یافتہ اسٹینڈ نیوز کے دفتر میں 100 سے زائد پولیس اہلکار پہنچے اور موجودہ ایڈیٹر اور کچھ دیگر اراکین کے علاوہ صحافیوں کو بھی حراست میں لے لیا۔