جنوبی قصبہ پلوامہ میںپولیس و سیکورٹی فورسز نے پلوامہ سرینگر شاہراہ پر پانچ کلو وزنی آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا کر ایک بڑے حادثے کو رونما ہونے سے بچانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق پولیس کو ایک مخصوص اطلاع ملی تھی کہ عسکریت پسندوں نے سرینگر نیوہ سڑک پر وانپورہ کے مقام پر ایک آئی ای ڈی نصب کیا ہے۔جس کے بعد پولیس، 50 آر آر ، اور سی آر پی ایف کی 183 بٹالین نے مشترکہ طور پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ تلاشی کارروائی کے دوران سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی بر آمد کرلی گئی۔پولیس کے مطابق آئی ای ڈی کا وزن تقریباً 5 کلو گرام تھااور اسے ایک کنٹینر میں جمع کیا گیا تھا۔ پولیس اور فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم نے آئی ای ڈی کو کنٹرول بم سے موقع پر ہی تباہ کر دیا۔پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سرینگر پلوامہ شاہراہ پر آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا کر ایک بڑے حادثے کو رونما ہونے ٹال دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ کچھ افراد کو پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا گی ہے ۔