وزیراعظم نپٹنے کی تیاریوں کے جائزہ کےلئے آج میٹنگ کریں گے
نئی دہلی(یو این آئی) ملک میں دہلی، مہاراشٹر اور تلنگانہ سمیت 15ریاستوں میں کووڈ کے نئے ویریئنٹ ’اومیکرون‘ کے 213مریض سامنے آنے اور امریکہ میں اس سے ایک شخص کی موت کے بعد حکومت نے ضلعی سطح پراس انفیکشن سے نپٹنے کی تیاری کی تیاری شروع کردی ہے ۔ مرکزی حکومت نے اومیکرون کے معاملات میں اضافہ کے مدنظر ضلعی سطح پر نگرانی اور ٹیسٹ بڑھانے اور اسپتالوں کو کسی بھی صورتحال سے نپٹنے کےلئے تیاررکھنے کےلئے کہا ہے ۔ اس درمیان وزیراعظم نریندرمودی اومیکرون سے نپٹنے کی تیاریوں کے جائزہ کےلئے کل میٹنگ کریں گے ۔ تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک کی 15ریاستوں میں اومیکرون سے متاثرہ213افراد کے سامنے آئے ہیں۔ ان میں دہلی میں 57، مہاراشٹر میں 54، تلنگانہ میں 24، کرناٹک میں 19، راجستھان میں 18، کیرالہ میں 15، گجرات میں 14، جموں وکشمیر میں تین، اوڈیشہ میں دو، اترپردیش میں دو اور آندھراپردیش، چندی گڑھ، لداخ، تملناڈو اور مغربی بنگال میں ایک ایک معاملہ سامنے آیا ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان میں سے کل ملاکر 90افراد کو اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ اس درمیان امریکہ میں ایک شخص کی اومیکرون کی موت کی خبر موصول ہوئی ہے ۔ عالمی صحت تنظیم نے سختی سے کووڈ پیمانوں پر عمل کی صلاح دی ہے ۔ صحت اور خاندانی فلاح وبہبود کی مرکزی وزارت میں سکریٹری راجیش بھوشن نے کہاکہ اومیکرون کا پھیلاو ڈیلٹا کے مقابلہ میں تین گنا زیادہ ہوتا ہے ۔ اس لئے اس کا پھیلاو روکنے کے لئے اضافی احتیاط کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستوں اور مرکزکے زیرانتظام ریاستوں سے کہا ہے کہ جن اضلاع میں کووڈ انفیکشن کی شرح 10فیصد سے زیادہ ہے یا جن اضلاع میں کووڈ اسپتالوں کے 40فیصد سے زیادہ بستر بھر چکے ہیں، وہاں کووڈ نگرانی اور ٹیسٹ میں اضافہ کیا جانا چاہئے اور کووڈ پیمانوں پر سختی سے عمل کیا جانا چاہئے ۔ ان اضلاع کے اسپتالوں میں کووڈ کی تمام دستیاب سہولیات یقینی کی جانی چاہئیں۔