بادشاہ چلہ کلان سے قبل ہی وادی کشمیر میں راتیں انتہائی سرد ہونے لگی ہے جس کے نتیجے میں اہلیان وادی پریشانیوں میں مبتلا ہو چکی ہے ۔ سرینگر اور جموں کے ساتھ ساتھ خطہ کرگل اور دراس میںبھی شبانہ درجہ حرارت میں کافی تنزلی آئی ہے ۔
سرینگر کے ساتھ ساتھ مشہور سیاحتی مرکز پہلگام میں بھی اتوار اور سوموار کی درمیانی رات رواں موسم کی سرد ترین ریکارڈ کی گئی ۔اطلاعات کے مطابق شدید سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس دوران صبح و شام یخ بستہ ہواو¿ں کی وجہ سے عام زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔اگرچہ رات بھر آسمان کھلا رہتا ہے تاہم اس دوران کھلے آسمان کی وجہ سے سردی میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ رات کے وقت ہڑیوں کو گلا دینے والی اس سردی کی وجہ سے بیشتر لوگ گھروں سے باہر نہیں آتے۔دن بھر اگر چہ کبھی کبھی فضاءمیں سورج بھی جلوا ہ افروز ہوتا تاہم اس دوران بھی سرد ہواو¿ں کی لہر سورج کی تمازت کو کھا جاتی ہے۔شہر سرینگر سمیت وادی کے جنوب و شمال میں سردیو ں کی وجہ سے صبح دیر سے دن شروع ہوتا ہے اور شام کو جلد ہی رات ہونے کی وجہ سے اوقات کار میں بھی کمی آئی ہے۔ موسم سرماکی آمد کے ساتھ ہی وادی میں عام زندگی اگر چہ متاثر ہوتی ہے تاہم سخت ترین سردیوں اور یخ بستہ ہواو¿ں کی وجہ سے اس میں اضافہ ہوتا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت سال کے اس وقت معمول سے دو ڈگری سیلسیس کم ریکارڈ کیا گیا اور شبانہ درجہ حرارت منفی 3.5درج کیا گیا ۔ پہلگام میں گزشتہ رات منفی5.4 ڈگری کے مقابلے میں شبانہ درجہ حرارت 5.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر گلمرگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ جموں، جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت میں کم سے کم 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ دیکھا گیا جو معمول سے 0.7 ڈگری سیلسیس کم ہے۔لداخ کے لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ گزشتہ رات کے منفی 12.3 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کر گل اسٹیشن میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ اہلکار نے مزید کہا کہ کارگل میں دراس، سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین مقام، کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھرمحکمہ موسمیات کے مطابق 14 دسمبر تک مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی جبکہ 15دسمبر کو جموں و کشمیر کے کچھ مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری کے ساتھ ساتھ بارشیں بھی ہو سکتی ہے ۔