رِیاسی سے آل پارٹی ڈیولپمنٹ کمیٹی کے وفود یووا راجپوٹ سبھا اور پرچین بھیرو مندر ٹرسٹ نے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔ آل پارٹی ڈیولپمنٹ کمیٹی کے وَفد جس کی قیادت اس کے صدرسُکھ دیو شرما کر رہے تھے ،نے ضلع رِیاسی کے مختلف ترقیاتی مسائل بشمول سولا پارک کی ترقی ، سولا سے بھیم گڈھ فورٹ ریاسی تک گنڈولہ کی منظور ی اور ریت اور معمولی معدنیات کے نرخ طے کرنے اورایم سی ہسپتال کا مناسب کام کرنے کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر کو آگاہ کیا۔ دریں اثنا، یووا راجپوت سبھا ( جے اینڈ کے ) کے ایک وفد نے اِس کے صدر ایس راجن سنگھ کی قیادت میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی اور مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر تعطیل کا اعلان کرنے کا مطالبہ پیش کیا تاکہ ڈوگرہ دور میں ان کی طرف سے کئے گئے عظیم فیصلوں اور اِصلاحات کا احترام کیا جاسکے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وَفود کے مسائل اور مطالبات بغور سنا اور اُنہیں ترجیحی بنیادپر مناسب کارروائی کرنے کا یقین دِلایا۔پراچین بھیرو مندر ٹرسٹ کے ایک وفد نے جس کی قیادت چند دَتا نے کی جس میں مہنت رومل شرما اور دیگر اَفراد شامل تھے ،نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی۔ وفد نے جموں کے چوک چبوترا میں واقع ایک منفرد مذہبی اور ورثے کی جگہ سری کال بھیرو مندر کو یاترا کے سیاحتی نقشے پر لانے اور وہاں سیاحتی سہولیات کو فروغ دینے کا مطالبہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وَفد کے اَرکان کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پورے یوٹی میں مختلف مذہبی سیاحتی سرکٹس تیار کر کے جموںوکشمیر کے یاتریوں کی سیاحت کی مکمل صلاحیت کو تلاش کرنے پر پوری توجہ دے رہی ہے ۔اُنہوں نے ترجیحی بنیاد پر ان کے مطالبات کے جلد اَزالے کی یقین دہانی کرائی۔