شہر خاص میں اپنی موجودگی کا ایک دفعہ پھر احساس دلاتے ہوئے مشتبہ جنگجوﺅں نے معروف راجوری کدل چوک میں ٹریفک پولیس اہلکار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کی شام کو پائین شہر کے مصروف ترین چوک راجوری کدل میں ٹریفک جام کے مناظر کے بیچ مشتبہ جنگجوﺅں نمودار ہوئے اور ٹریفک پولیس اہلکار جس کی شناخت محمد عبدا ﷲ کے بطور ہوئی ہے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہو کر سڑک پر گر پڑاچنانچہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی اہلکار کو صدر اسپتال سرینگر پہنچایا جہاں پر اُس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہیں۔ نمائندے نے بتایا کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی نارتھ سمیت اعلیٰ پولیس اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے
۔ ذرائع نے بتایا کہ راجوری کدل ، صراف کدل ، کاوڈارہ ، شیخ محلہ اور اُس کے اندرون علاقوں میں بھی تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔ پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقع کیسے اور کن حالات میں وقو ع پذیر ہوا اس کی بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ یہاں امر قابلِ ذکر ہے کہ راجوری کدل چوک میں شام کے اوقات میں ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے ملتے اور عوامی اسرار پر وہاں پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تاکہ عوام الناس کو شام کے گھر کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے ۔
















