سری نگر انتظامیہ نے کوروناوائرس کے نئے قسم ’ اومکرون‘ کے پھیلنے کے خطرے کودیکھتے ہوئے بین الاقوامی مہمانوں یاسیاحوں کےلئے شہرمیںتین خصوصی قرنطینہ مراکز قائم کئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے حکام نے بدھ کو بتایاکہ سری نگر ضلع میں غیر ملکی مہمانوں کیلئے تین خصوصی قرنطینہ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔حکام کاکہناتھاکہ شہر سری نگر کے صنعت نگر علاقے میں میریج ہال اور تمام سہولیات والے2ہوٹلوں کو قرنطینہ مراکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔حکام نے کہاکہ سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کوویڈ ٹیسٹ کروانے کے بعد، بین الاقوامی مسافروں کو ان مراکزمیں کم سے کم8 گھنٹے لازمی قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مسافر کووڈ19 یا نئے قسم ’ اومکرون‘ کےلئے مثبت ٹیسٹ کرتا ہے تو اسے خصوصی علاج کےلئے ڈی آر ڈی او کووڈ اسپتال منتقل کیا جائے گا۔حکام نے بتایاکہ سری نگرکی ضلعی انتظامیہ نے یہ قدم نئے وائرس کے مختلف قسم ’ اومکرون‘ کے پھیلاو¿ کے تناظر میں اُٹھایا ہے۔خیال رہے کشمیر موسم سرما کے آغاز کے پیش نظر بین الاقوامی سیاحوں کی آمد کا مشاہدہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور محکمہ سیاحت کی جانب سے منعقد کی جانے والی سرگرمیوں بشمول ایڈونچر ٹورازم وغیرہ کااہتمام اورانعقاد کیاجارہاہے۔