یاسر پرے بارودی سرنگیں بنانے میں ماہرتھا،بڑی کامیابی :آئی جی پی کشمیر
جنگجومخالف کارروائیوںمیں لائی گئی تیز ی کے چلتے بدھ کی صبح پولیس ٹاسک فورس نے فوج وفو رسزکے اشتراک سے جنوبی ضلع پلوامہ کے قصبہ یارگاﺅں میں ایک کارروائی کے دوران 2جنگجوﺅںکوہلاک کردیا،جن میںایک غیرملکی بتایاجاتاہے ۔آئی جی پی کشمیر وجئے کمار نے کہاکہ مارے گئے جنگجوﺅںکاتعلق جنگجو تنظیم جیش محمدسے تھا ،اوران میں سے ایک مقامی مہلوک جنگجوبارودی سرنگیں بنانے میں ماہرتھا۔اطلاعات کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایاکہ کچھ جنگجوﺅں کے چھپے ہونے کی مصدقہ اطلاع ملتے ہی جموں وکشمیرپولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ ،فورسزاور فوج نے مشترکہ کارروائی کے تحت بدھ کوعلی صبح ضلع پلوامہ کے قصبہ یارنامی گاﺅںکوچاروں اطرا ف سے محاصرے میں لیکر جنگجومخالف آپریشن شروع کیا۔پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں مزیدبتایاگیاکہ محاصرے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعدجب سیکورٹی فورسزکے اہلکاروںنے قصبہ یارپلوامہ میں تلاشی کارروائی شروع کی توایک جگہ چھپے ہوئے جنگجوﺅںنے سیکورٹی فورسز پر اندھا دُھند فائرنگ شروع کردی ۔پولیس نے بتایاکہ جنگجوﺅںکوسرنڈر کی پیشکش کی گئی لیکن انہوںنے فائرنگ کاسلسلہ جاری ر کھا ،جسکے بعدسیکورٹی فورسزکے اہلکاروںنے جوابی کارروای عمل میں لائی ۔پولیس ترجمان نے بتایاکہ سیکورٹی فورسزکی جوابی کارروائی کے بعدطرفین کے درمیان انکاﺅنٹر شروع ہوگیا،جسکے بعدطرفین کے درمیان کچھ وقت تک گولی باری کاتبادلہ جاری رہا۔انہوںنے کہاکہ سیکورٹی فورسزکی جوابی کارروائی میں2جنگجومارے گئے۔ترجمان نے بتایاکہ قصبہ یار پلوامہ میں مارے گئے دونوں جنگجوﺅںکی نعشوں اوراُنکے اسلحہ وغیرہ کوجائے جھڑپ سے برآمد کیاگیا۔ادھر انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون وجے کمار نے کہا کہ جیش محمد کا ایک اعلیٰ کمانڈر یاسر پرے جو کہ آئی ای ڈی کا ماہر بھی تھا، پلوامہ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔آئی جی پی کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے، کشمیر پولیس زون نے ٹوئٹر پر لکھاکہ جیش محمدکے کمانڈر یاسر پرے، ایک آئی ای ڈی ماہر اور غیر ملکی عسکریت پسند فرقان کو ہلاک کر دیا گیا۔پولیس نے بتایاکہ مارے گئے دونوں جنگجو جرائم کے کئی مقدمات میں ملوث تھے۔آئی جی پی کشمیر نے قصبہ یارپلوامہ میں کامیاب آپریشن روبہ عمل لانے پرسیکورٹی فورسزکی سراہناکی اوراسبات کااعادہ کیاکہ جنگجو مخالف کارروائیاں پوری شدت کیساتھ جاری رکھی جائیں گی ۔