نئی دہلی (یو این آئی) فضائیہ اور فوج نے سردیوں کے موسم میں شمالی خطہ کے دوردراز علاقوں میں فوجی رسد پہنچانے کی صلاحیت کا جائزہ لینے کے لئے ایک مشترکہ مشق ‘اوپ ہرکیویس’کیا۔ پیر کو لیہہ میں کی جانے والی اس مشق کا بنیادی مقصد شمالی سیکٹر کے مہم والے علاقوں میں ‘ایئر لفٹ’ کے ذریعے ضروری فوجی رسد پہنچانے کی صلاحیت کو بڑھانا اور موسم سرما کے ذخائر کو بڑھانا اور مضبوط کرنا ہے ۔ مشق میں ایئرلفٹ کے لئے کارگو ہوائی جہازوں سی-17 ، آئی ایل-76 اوراے این 32 کااستعمال کیاگیا۔ ان طیاروں نے ویسٹرن ایئر کمانڈ کے ایک ایڈوانس بیس سے ٹیک آف کیا۔ یہ مشق فضائیہ کے بھاری سامان اٹھانے کی صلاحیت کاجائزہ لینے کے ساتھ ساتھ حقیقی وقت میں مشن کو انجام دینے کے لیے بھی کی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ موسم سرمامیں ناموافق حالات کی وجہ سے ناقابل رسائی علاقوں میں فورسز کو رسد پہنچانا ایک بڑا چیلنج ہوتاہے ۔ برفباری کی وجہ سے سڑکیں بندہوجاتی ہیں، اس لیے رسد پہنچانے کا کام طیاروں کے ذریعے کیا جاتا ہے ۔ سردیوں میں فوجوں کے لیے پہلے سے ہی خاطرخواہ رسد کا ذخیرہ رکھاجاتا ہے ۔