انکیتا قتل کیس میں تقریباً تین سال بعد انصاف کی فراہمی ہوئی ہے اور کوٹ دوار کی عدالت نے ریزورٹ کے مالک پلکت آریہ اور اس کے ملازمین سوربھ بھاسکر اور انکت گپتا کو عمر قید کی سزائی ہے
دہرادون: اتراکھنڈ کے معروف انکیتا بھنڈاری قتل کیس میں تقریباً تین سال بعد بالآخر انصاف کا فیصلہ سامنے آ گیا ہے۔ کوٹ دوار کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے مرکزی ملزم پلکت آریہ اور اس کے دو ساتھیوں سوربھ بھاسکر اور انکت گپتا کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے تینوں پر جرمانہ بھی عائد کیا ہے، جب کہ مقتولہ کے اہلِ خانہ کو چار لاکھ روپے معاوضہ دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے پلکت آریہ کو تعزیراتِ ہند کی دفعات 302 (قتل)، 201 (شواہد مٹانا)، 354 اے (خواتین کو ہراساں کرنا)، اور غیر اخلاقی تجارت کی روک تھام سے متعلق قانون (آئی ٹی پی اے) کی دفعہ 3(1)ڈی کے تحت مجرم قرار دیا۔ دیگر دو ملزمان کو بھی دفعہ 302، 201 اور آئی ٹی پی اے کی دفعہ 3(1)ڈی کے تحت قصوروار پایا گیا۔













