سرینگر/میر واعظ کشمیر ڈاکٹر محمد عمر فاروق نے ہندوپاک جنگ بندی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ سے تباہی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوسکتا ہے اور بات چیت سے ہی ہر مسئلے کا حل نکلتا ہے ۔ ایکس پر انہوں نے لکھا کہ الحمدللہ۔ بہتر احساس غالب ہوا ہے اور ہندوستان اور پاکستان نے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ یہ سب کے لیے ایک بہت بڑی راحت ہے، خاص طور پر ایل او سی کے دونوں جانب رہنے والوں کے لیے جہاں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور پناہ گاہیں اور ذریعہ معاش تباہ ہو گیا۔ دونوں کے درمیان بات چیت کا امکان جیسا کہ امریکی سکریٹری مارکو روبیو نے وسیع مسائل پر کہا ہے، ایک خوش آئند نتیجہ ہے۔ مذاکرات ہی امن اور استحکام کا ذریعہ ہیں۔ خوشی ہے کہ دونوں طرف کی قیادت نے اس پر اتفاق کیا۔