لیفٹیننٹ گورنر نے محفوظ سفر اور حقیقی معنوں میں مکمل روحانی تجربے کیلئے اَپنی مُبارک باد اور نیک خواہشات کا اِظہار کیا
سری نگر/04مئی2025ئ
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج سری نگر اِنٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جموںوکشمیر یوٹی کے عازمین حج کے قافلے کو روانہ کیا۔اُنہوںنے عازمین کرام سے بات چیت کی اور اُن کے لئے محفوظ سفر اور حقیقی معنوں میں مکمل روحانی تجربے کے لئے اَپنی مُبارک باد اور نیک خواہشات کا اِظہار کیا ۔ اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی کے اَمن ،خوشحالی اور سب کی بھلائی کے لئے دُعا کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”میں سفر محمود پر روانہ ہونے والے تمام عازمین کرام کو دل کی گہرائیوں سے مُبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں ۔بیت اللہ کی زیارت کرنا اور وہاں کا بلاوا آنا ہر مسلمان کی زِندگی بھر تمنا رہتی ہے۔ یہ ایک ایسا خواب ہے جسے ہر مسلمان زِندگی بھر عزیز رکھتا ہے ۔ مرکزی حکومت عازمین کرام کی فلاح و بہبود اور ان کے مقدس سفرکے لئے بہترین ممکنہ اِنتظامات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔“اِس برس جموں و کشمیر یوٹی سے تقریباً 3,622 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔ سری نگر اِنٹرنیشنل ایئرپورٹ 4 مئی سے 15 مئی 2025ءکے درمیان 11 پروازیں چلائی جائیں گی جس میں جموںوکشمیر سے تقریباً 3,132 عازمین کرام اور لداخ یوٹی سے 242 عازمین حج شامل ہوں گے، کو سہولیت فراہم کی جائے گی۔عازمین حج کا اِستقبال جدہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل ،مرکزی وزارت خارجہ کے ذریعہ کیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اِس مقدس سفرکے کامیاب انتظام میں شامل تمام متعلقہ اداروں اور شراکت داروںکے تعاون کوسراہا اور ان کا شکریہ اَدا کیا۔اِس موقعہ پر پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کماربدوری، اِنسپکٹر جنرل پولیس کشمیر ودھی کمار بردی، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اکشے لابرو، جموں و کشمیر حج کمیٹی کے اراکین، ایئرپورٹ اتھارٹی کے سینئر افسران، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے اَفسران بھی موجود تھے۔














