معاملہ اب عدلیہ پر منحصر،سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں
معاملہ سپریم کورٹ میں زیر غور ہے، اسلئے اس مرحلے پر اسمبلی میں اس پر بحث کرنا مناسب نہیں ہوگا:ڈاکٹر فاروق
سرینگر: وقف ترمیمی ایکٹ2025 پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ ان کی پارٹی نے پہلے ہی اس قانون کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یہ قانون غیر منصفانہ طور پر ایک خاص مذہب کو نشانہ بناتا ہے۔خبر رساں ایجنسی جے کے این ایس کے مطابق نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ ”میری پارٹی نے پہلے ہی سپریم کورٹ کے سامنے ایک پٹیشن دائر کر رکھی ہے، اب اسے ججوں پر چھوڑ دیں“۔انہوںنے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس قانون سازی نے ایک خاص مذہب کو نشانہ بنایا ہے۔ عمرعبداللہ کا کہناتھاکہ ہمیں ایک سیکولر ریاست میں ہونا چاہیے، تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جانا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مزید کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے ساتھ یکساں سلوک کرنے کا حق ہے۔عمرعبداللہ نے کہا کہ یہ معاملہ اب عدلیہ پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اس پر فیصلہ سنائے، اب ہم انتظار کریں گے۔ اس دوران حکمران جماعت نیشنل کا نفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے وقف قانون پر اسمبلی میں بحث کی اجازت نہ دینے کے اسپیکر کے مطالبے کی حمایت کی۔ فاروق عبداللہ نے پیر کو جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کے ترمیم شدہ وقف قانون پر بحث کو روکنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے استدلال کیا کہ چونکہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر غور ہے، اس لیے اس مرحلے پر ایوان میں اس پر بحث کرنا مناسب نہیں ہوگا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے، فاروق عبداللہ نے حال ہی میں نافذ کردہ وقف (ترمیمی) ایکٹ پر شدید اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ قانون آئین کے خلاف ہے۔فاروق عبداللہ نے کہاکہ یہ قانون غیر آئینی ہے۔انہوںنے مزیدکہاکہ اسپیکر نے بحث کی اجازت نہ دینے کا حق ادا کیا جب کہ کیس سپریم کورٹ میں ہے۔ ایک بار فیصلہ آنے کے بعد، ہم اس پراسمبلی میں غور کر سکتے ہیں ۔ڈاکٹر فاروق نے اپوزیشن بنچوں کو بھی نشانہ بنایا، یہ الزام لگایا کہ ان کے نقطہ نظر میں مادہ کی کمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مخالفت کی خاطر مخالفت کر رہے ہیں، بغیر کسی معنی خیز تنقید کے۔قابل ذکر ہے کہ وقف (ترمیمی) بل 2 اپریل کو لوک سبھا میں پیش ہونے کے بعدرات دیر گئے منظور کیاگیا تھا اور اگلے دن راجیہ سبھا سے بھی بل کو دیر رات پاس ہو گیا تھا۔ اسے 5 اپریل کو صدارتی منظوری ملی، جس سے یہ قانون بن گیا۔اس قانون سازی کو پہلے ہی عدالت میں چیلنج کیا جا چکا ہے، اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک بھر میں وقف املاک کے نظم و نسق پر اہم اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔