سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی آپریشن جاری
سرینگر // جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ یو پی آئی کے مطابق مشکوک افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پونچھ کے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ فوج اور ایس اوجی نے مشترکہ طورپر تلاشی آپریشن لانچ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پونچھ اور راجوری اضلاع میں پہلے ہی سیکورٹی فورسز نے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ دفاعی ذرائع نے پونچھ میںتلاشی آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جوائنٹ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہاکہ فی الحال جنگلی علاقوں کی اور جانے سے لوگوں کو پرہیز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں صوبے میں ایل او سی پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امکانی دراندازی کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کو چوبیس گھنٹے چوکنا رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔













