خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے بجٹ میں اقدامات پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ
وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا ہے کہ خواتین نے ہر میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور وہ ہمارے معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ وزیر موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار آج کنونشن سینٹر جموں میں منعقدہ عالمی یوم خواتین 2025 کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس برس عالمی یوم خواتین کا موضوع ”ایکسلریٹ ایکشن “ہے جو صنفی مساوات کے لئے تیز تر اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔اُنہوں نے خواتین کامیاب شخصیات اور طالبات کے ایک بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صنفی مساوات، خواتین کو بااِختیار بنانے اور جامع ترقی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ایک منصفانہ اور مساوی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ اُنہوں نے خواتین کی ہر شعبے میں شرکت کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔سکینہ اِیتو نے کہا،”خواتین ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ہمیں اِجتماعی طور پر ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں خواتین خود کو محفوظ، باوقار اور بااختیار محسوس کریں تاکہ وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکیں۔“اُنہوںنے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی ہمت اور کامیابیوں کو سراہا اور انہیں حوصلہ دیا کہ وہ رکاوٹوں کو دور کر کے ملک کی ترقی میں اپنا رول اَدا کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا، ”ہمیں سائنس، سیاست، کاروبار، آرٹس، سول سروسز، صحت عامہ اور تعلیم سمیت ہر شعبے میں خواتین کی طاقت، ہمت اور خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے اور اس کام پر غور کرنے کی ضرورت ہے جو ابھی باقی ہے۔“وزیر موصوفہ نے اپنے خطاب میںوزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بجٹ پیش کرتے ہوئے خواتین کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کے لئے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے سرکاری بسوں میں مفت سفر کی سہولیت سے خواتین کی شرح خواندگی میں اضافہ ہوگا اور جموں و کشمیر میں خواتین کو مزید بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مستحق خواتین کے لئے شادی امداد کی رقم 50,000 روپے سے بڑھا کر 75,000 روپے کر دی گئی ہے۔اِس کے علاوہ ضعیف العمر، بیوہ اور معذوری پنشن میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس سے کئی مستحقین کو فائدہ ہوگا۔ سکینہ اِیتو نے کہا کہ وقت بدل چکا ہے اور آج خواتین ہر میدان میں موجود ہیں۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ آج یہ عہد کریں کہ وہ بڑے خواب دیکھیں گی اور انہیں حاصل کرنے کے لئے پُرعزم رہیں گی۔اِس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر کے لئے بالخصوص خواتین کے لئے فخر کی بات ہے کہ ہمارے خطے کی بیٹی آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) نئی دہلی جیسے ملک کے ایک باوقار طبی ادارے کی میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ کے عہدے پر فائز ہیں۔ ایم ڈِی مشن شکتی اور مشن وسالیہ ماجد خلیل درابو نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ یہ دن خواتین کی ناقابل یقین کامیابیوں کا اعتراف کرنے اور ان کے درپیش چیلنجوں کو تسلیم کرنے کے لئے منایا جاتا ہے













