پی ڈی پی صدر نے اتوار کو باضابطہ طور پر پلوامہ سے مہم کاآغاز کیا
سرینگر/23فروری///جموں کشمیر میں شراب کے کاروبار پر پابندی لگانے کے عوامی مطالبے کے بیچ جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے پلوامہ سے شراب کے خلاف دستخطی مہم شروع کی ہے جبکہ ان کی صاحبزادی نے گزشتہ روز سرینگر سے باضابطہ اس مہم کاآغاز کیا تھا۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں کشمیر میں شراب کی خریدو فروخت پر مکمل پابندی کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے اور کئی سماجی ، سیاسی اور مذہبی انجمنوں نے سرکار پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والے اسمبلی سیشن کے دوران شراب کے خلاف بل پاس کرائیں ۔ اس بیچ پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اتوار کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں شراب پر پابندی کے حق میں دستخطی مہم کا آغا کیا۔اس موقع پر سینئر لیڈر اور سابق قانون ساز ظہور احمد میر، پارٹی جنرل سیکری محمد خورشید عالم، موجودہا رکان اسمبلی وحید الرحمان اور رفیق احمد نائک کے علاوہ کئی کارکن موجود تھے۔پارٹی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پارٹی صدر نے ورکرز کنونشن کے دوران پلوامہ سے شراب کے خلاف ایک دستخطی مہم کا آغاز کیا جس میں لوگوں کے جذبات کے تئیں پی ڈی پی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ مہم پارٹی کے ایک مضبوط سیاسی دعوے کی نشاندہی کرتی ہے۔محبوبہ مفتی کی صاحبزادی نے گزشتہ روز پی ڈی پی ہیڈ کوارٹر سرینگر سے باضابطہ طور پر دستخطی مہم شروع کی ہے ۔ اگرچہ حکام نے اُس وقت پہلے انہیں اس کی اجازت نہیں دی تھی تاہم بعد انہیں اجازت ملی ۔ درین اثناءوادی کشمیر میں عوامی حلقوں کی مانگ ہے کہ جموں کشمیر میں شراب کے کاروبار پر مکمل پابندی لگائی جائے جبکہ اس ضمن میں پی ڈی پی ، عوامی اتحاد پارٹی اور دیگر جماعتوںاور ایم ایل ایز نے اسمبلی میں بل پیش کرنے کا پہلے ہی اعلان کیا ہے ۔














