نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے سرحدی علاقوں میں ٹرانسپورٹ سے متعلق خدمات کو بہتر بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے آج نوشہرہ میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (اے آر ٹی او) کیمپ آفس کا اِفتتاح کیا۔یہ اَقدام نوشہرہ او رسندربنی کے لوگوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کیا گیا ہے جو پہلے ضروری ٹرانسپورٹ خدمات کے لئے راجوری تک 80کلومیٹر سے زیادہ کا سفر کرنا پڑتا تھا۔نئے قائم کردہ کیمپ آفس میںہر سوموار کو گاڑیوںکے معائینے اور ہر سنیچروار کو ڈرائیونگ ٹرائل ٹیسٹ کا اِنعقاد کیا جائے گاتاکہ خدمات کی بروقت اور مو¿ثر فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔توقع ہے کہ اِس اَقدام سے رہائشیوں بالخصوص لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب رہنے والوں کو وقت،محنت اور سفر ی اَخراجات کی بچت کے لحاظ سے اِنتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا ۔ عوام نے اِس اَقدام کو وسیع پیمانے پر سراہا ہے اور اسے دُور دراز علاقوں میںٹرانسپورٹ کی خدمات تک رَسائی بڑھانے کے لئے حکومت کا ایک تاریخی اقدام قرار دیا ہے۔اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے لوگوںکی فلاح و بہبود کے لئے ضروری خدمات کو ڈی سنٹرلائز کرنے کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ نوشہرہ میں اے آر ٹی او کیمپ آفس ٹرانسپورٹ سے متعلق سہولیات تک آسان رَسائی کو یقینی بنانے اور مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔مقامی رہائشیوں اور نمائندوں نے اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا او راِس اِنتہائی ضروری سہولیت کو سراہا جو لائسنسنگ اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ علاقے میں روڈ سیفٹی کے قوانین پر عمل درآمد کو بھی فروغ دے گی۔