سوپور میں جنگلی جانور نے خاتون کو زخمی کیا
عشمقام میں آدم خور ریچھ کے حملے میں شادی شدہ خاتون ہلاک جبکہ سوپور جنگلی جانور کے حملے میں دوشیزہ زخمی ہوئی۔ دیارو عشمقام میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب آدم خور ریچھ نے خاتون پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوئی اگر چہ اُسے فوری طورپر نزدیکی اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ خاتون کی شناخت منیرا بانو کے بطور ہوئی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ عشمقام اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں جنگلی جانوروں کی رہائشی بستیوں میں موجودگی کے باعث لوگ ذہنی کوفت کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جنگلی جانوروں کی موجودگی کے بارے میں بار ہا متعلقہ محکمہ کو آگاہ کیا گیا لیکن لوگوں کی آواز صدا بہ صحرا ثابت ہو رہی ہیں۔ ادھر سوپور میں ریچھ کے حملے میں ایک دوشیزہ زخمی ہوئی ہے جس سے علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر میں رواں برس کے دوران جنگلی جانوروں کے حملوں میں ایک درجن سے زائد افراد از جان ہوئے ہیں جبکہ درجنوں زخمی بھی ہوئے۔ وائلڈ لائف محکمہ صرف دعوئے پر دعوئے کر رہا ہے عملی طورپر جنگلی جانوروں کو قابو کرنے کی خاطر سخت اقدامات نہیں اُٹھائے جارہے ہیں جس وجہ سے دور اُفتادہ علاقوں کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔