جموں وکشمیر کو ہندوستان میں کھیلوں کا مرکز بنانے کے اَقدامات پر تبادلہ خیال
وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، ٹرانسپورٹ، امورِ نوجوان وکھیل کود ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اے آر آئی اور ٹریننگ ستیش شرما نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر برائے امور ِنوجوان و کھیل کود ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی بالخصوص اَمورِ نوجوان و کھیلوں سے متعلق پورے دائرہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔شروعات میں وزیر موصوف نے مرکزی وزارتِ اَمورِ نوجوان و کھیل کود کی جانب سے اٹھائے گئے قابل ذکر اَقدامات پر تہہ دل سے شکریہ اَدا کیا اور اُن کی ستائش کی۔ستیش شرما نے کہا کہ وزارت کی طرف سے جموں و کشمیر کے لئے فعال کوششوں، عزم اور مسلسل حمایت نے خطے میں کھیلوں کے ماحولیاتی نظام کو نمایاں طور پر تقویت بخشی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کھیلو اِنڈیا جیسے مختلف فلیگ شپ پروگراموں کے تحت تقریبات اور اقدامات نے نوجوان ٹیلنٹ کی شناخت اور پروان چڑھانے میں اہم رول اَدا کیا ہے جبکہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے منصوبوں نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں میں نئی اُمید اور جوش پیدا کیا ہے۔ستیش شرما نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر اَپنے منفرد جغرافیائی اور ثقافتی تنوع کے ساتھ کھیلوں کے مختلف شعبوں میں بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے اور اِس خطے کے نوجوانوں میں کھیلوں میں آگے بڑھنے کی نمایاں صلاحیت اور امنگیں موجود ہیں، جن کے لئے بہتر بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی اَقدامات کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے جدید ترین کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور ٹیلنٹ کو مؤثر طریقے سے پروان چڑھانے کے لئے مرکزی سکیموں کی عمل آوری کی اہم ضرورت پر زور دیا۔













