پہاڑی ریاستوں میں برفباری شروع، درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان
نئی دہلی: یکم دسمبر (ایجنسیز) پورے شمالی ہند کے کئی علاقوں میں ٹھنڈ بڑھنے لگی ہے۔ دہلی، اتر پردیش، ہریانہ، پنجاب، مدھیہ پردیش، راجستھان کے کئی شہروں اور گاﺅں میں تیزی سے سردی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔محکمہ موسمیات نے شمالی ہند میں آئندہ کچھ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔ دراصل کشمیر اور ہماچل پردیش وغیرہ پہاڑی ریاستوں میں برفباری شروع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ٹھنڈ بڑھنے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی ہند کے بعض علاقو ں میں صبح میں دھند اور ہلکا کہرا چھایا رہ سکتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری اور کم سے کم 11 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ دہلی کے لودھی روڈ میں کم سے کم درجہ حرارت اس وقت سب سے کم 9.4 ڈگری رہا ہے۔ جموں کشمیر کے اننت ناگ اور گلمرگ میں کافی برفباری ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ہے کہ 2 دسمبر تک اونچائی والے پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری ہوگی۔ اس کے بعد 4 سے 6 دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ 7 دسمبر سے اگلے دو دنوں کے دوران اونچے علاقوں میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 1 سے 3 دسمبر تک لاہول اور اسپیتی، چمبا، کنور، کانگڑا، ک±لو ضلعوں کے اونچے علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کے آثار بتائے ہیں۔ یہاں کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں خاص تبدیلی نہیں ہوئی ہے ۔













