نئی دہلیْ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے بدھ کو دادرا، نگر حویلی اور دمن اور دیو کے سلواسا میں سوامی وویکانند ودیا مندر، جھنڈا چوک کا افتتاح کیا اور ایک عوامی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ دادرا اور نگر حویلی اور دامن اور دیو کے لوگوں نے جس گرمجوشی سے ان کا استقبال کیا ہے وہ ہمیشہ ان کی یادوں میں نقش رہے گا۔ انہوں نے پرتپاک استقبال کے لیے مرکز کے زیرانتظام علاقے کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ محترمہ مرمو نے کہا کہ جھنڈا چوک اسکول کا افتتاح کرتے ہوئے انہیں خوشی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونین ٹیریٹری انتظامیہ نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے کئی کوششیں کی ہیں۔ طلباءکو معیاری تکنیکی تعلیم فراہم کرنے کے لیے 2018 میں گورنمنٹ انجینئرنگ کالج کا آغازکیا گیا تھا اور 2022 میں نفٹ کا قیام عمل میں آیا تھا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ کوششیں مرکز کے زیرانتظام علاقے کے نوجوانوں کو ایک بہترین موقع فراہم کریں گی۔صدر نے کہا کہ یہ خطہ تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثہ کا حامل ہے ۔ اس وجہ سے دادرا، نگر حویلی، دمن اور دیو اچھے سیاحتی مقامات ہیں۔ سیاحتی سہولیات کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے انہیں خوشی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملنا ہمیں زیادہ سخی اور حساس بناتا ہے ۔














