میچ میں کھلاڑیوں کی دلچسپ اننگز نے شائقین کرکٹ کے دل مول لیئے ، آخر پر کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم
کھیل کود کو فروغ دینے کی ایک اور پہل کے تحت سرینگر کے پولو گراوئڈ میدان میں قوت بصارت سے محروم افراد کا دوستانہ کرکٹ میچ منعقد ہوا ۔ اس مقابلہ کا انعقاد منصف ٹی وی حیدر آباد کے جموں کشمیر بیورو نے جموں کشمیر سپورٹس کونسل کے اشتراک سے کیا تھا ۔ اس میچ میں ممبر اسمبلی لالچوک اور نیشنل کانفرنس کے لیڈر احسن پردسی بطور مہمان خصوصی اور ایس ایس پی ٹریفک سٹی سرینگر مظفر شا ہ بطور مہمان خصوصی ذی وقار شامل رہے ۔ اس اپنی نوعیت کے کرکٹ میچ میں دو ٹیموں ”رائزنگ سٹارس اور ایس بی ٹائٹنز “ کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی ہمت اور لگن سے یہ ثابت کیا کہ معذوری کسی بھی انسان کی صلاحیتوں کو روک نہیں سکتی۔یہ مقابلہ جسمانی طور پر معذور افراد کیلئے کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا ایک شاندار مواقعہ تھا۔ اس کے ذریعے نہ صرف قوت بصیرت سے محروم کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان میں اپنی جگہ بنانے کا موقع ملا بلکہ معاشرتی سطح پر بھی ایک مضبوط پیغام گیا کہ معذوری کے باوجود ہر فرد میں خاص صلاحیتیں چھپی ہوتی ہیں جنہیں صرف مواقع کی ضرورت ہوتی ہے۔میچ کے آخر میں ایس ایس پی ٹریفک سرینگر سٹی مظفر احمد شاہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ منصف ٹی وی، جو کہ حیدرآباد بیسڈ ایک معروف ٹی وی چینل ہے نے مقابلہ کو سرینگر کشمیر میں منعقد کیا تھا ۔ اس طرح کے پروگرام نہ صرف کھیلوں کی دنیا میں ایک نیا جذبہ پیدا کرتے ہیں بلکہ وہ معاشرتی ہم آہنگی، شمولیت اور انسانیت کے اصولوں کو بھی فروغ دیتے ہیں۔اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک مظفر احمد شاہ نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے اور مستقبل میں بھی ایسی سرگرمی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس کرکٹ میچ میں شائقین کی اچھی خاصی تعداد بھی شامل تھی جنہوںنے قوت بصیرت سے محروم کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بھر پور انداز میں خوب لطف لیا ۔