سری نگر، شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے بٹہ پورہ ہائہامہ علاقے میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں 4 رہائشی مکان ٬ 3 گاﺅ خانے اور3 دکان خاکستر ہوگئے ۔ذرائع نے بتایا کہ کپوارہ کے بٹہ پورہ ہائہامہ میں دوران شب آگ نمو دار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل واقع ڈھانچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں 4 رہائشی مکان ٬ 3 گاﺅ خانے اور3 دکان خاکستر ہوگئے ۔ان کا کہنا تھا کہ فائر ٹنڈرس اور مقامی لوگوں نے آگ کو قابو میں کرکے مزید پھیلنے سے روک دیا۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہمیں قریب بارے بجے رات اس آگ کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی اور ہم نے اسی وقت گاڑیوں اور عملے کو جائے واردات پر بھیج دیا۔انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں تاہم خوش قسمتی سے اس واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔دریں اثنا جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے انتظامیہ سے متاثرہ کنبوں کو فوری مدد کرنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘انتظامیہ کو کپوارہ کے ہائہامہ علاقے میں شبانہ آگ کی واردات میں بے گھر ہونے والے کنبوں کے بھر پور امداد اور معاوضے کو یقینی بنانا چاہئے ’۔موصوف صدر نے متاثرہ کنبوں کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بھی سرکار سے متاثرین کو فوری امداد کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ آنے والے سردیوں میں وہ اپنا سر چھپا سکیں۔یو این آئی














