رتن ٹاٹا کی شراکت داری نے سماج پر انمٹ نقوش ثبت کئے:سیتا رمن
نئی دہلیْ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ مشہور صنعت کار رتن ٹاٹا کی وراثت طویل عرصے تک ملک کے صنعتی شعبے کی قیادت کرنے والوں کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ مسٹر شاہ نے ممبئی میں مسٹر رتن ٹاٹا کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر آج یہ بات کہی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے بھی آنجہانی رتن ٹاٹا کے جسد خاکی پر پھول پیش کئے ۔مسٹر رتن ٹاٹا کا بدھ کو ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کی آخری رسومات آج شام ورلی کے شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں۔ مسٹر شاہ نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا "رتن ٹاٹا جی کو ہمیشہ حب الوطنی اور ایمانداری کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ رتن ٹاٹا جی نے ٹاٹا گروپ کو دنیا بھر میں ایک معزز صنعت کار کے طور پر عالمی شہرت دلائی۔ رتن ٹاٹا جی کی زندگی اور قوم کے تئیں ان کی وابستگی ہندوستان کے صنعتی منظر نامے میں ایک قطب ستارے کی مانند ہے ۔دریں اثناءوزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے رتن ٹاٹا کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا “وہ ایک شاندار لیڈر، دور اندیش صنعت کار اور انسان دوست شخصیت تھے ، جن کی شراکت نے ہمارے معاشرے پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔”ایکس پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں، انہوں نے کہا کہ مسٹر ٹاٹا کی اختراع، اخلاقی کاروباری طریقوں اور سماجی ذمہ داری کے تئیں گہری وابستگی نے صنعتوں کو تبدیل کیا اور کمیونٹیز کو اوپر اٹھایا۔انہوں نے مسٹر ٹاٹا کے کنبے ، دوستوں اور ان تمام لوگوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا جن کی زندگیوں کو انہوں نے چھوا۔ ان کا شاندار ورثہ آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا۔واضح رہے کہ مسٹر ٹاٹا کا کل دیر رات ممبئی کے ایک اسپتال میں 86 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔













