نئی دہلی، یکم ستمبر (یو این آئی) آل انڈیا انڈیپنڈنٹ جرنلسٹس اینڈ رائٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے آئندہ 5 ستمبر کو یوم اساتذہ کے موقع پر بین الاقوامی شہرت یافتہ ہندوستان کی سینئر فنکارہ گاندھیائی، محترمہ حنا چکرورتی کو 40 ویں ڈاکٹر ایس رادھا کرشنن میموریل نیشنل ٹیچر ایوارڈ – 2024 سے نوازا جائے گا۔ ایسو سی ایشن کے قومی جنرل سکریٹری ماہر تعلیم دیانند وتس بھارتیہ کے مطابق محترمہ حنا چکرورتی اس وقت کستوربا گاندھی میوزیم، گاندھی آشرم کنگس وے کیمپ کی کیوریٹر ہیں۔ اس سے پہلے وہ تقریباً 38 سال تک گاندھی اسمرتی اور درشن کمیٹی راج گھاٹ کی کیوریٹر رہی تھیں۔ انہیں اس وقت کے صدر جمہوریہ وی وی گری سے صدارتی اعزاز مل چکا ہے ۔حنا چکرورتی ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکارہ ہیں اور ان کے کئی فن پاروں کی نمائش ہو چکی ہے ۔ انہوں نے اپنے فن کی مہارت سے سینکڑوں فنکاروں کو تربیت دی ہے ۔ انہیں راجہ روی ورما ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے ۔ حکومت ہند اور دہلی حکومت نے غنا چکرورتی کے تخلیق کردہ فن پاروں پر پانچ کیلنڈر جاری کیے ہیں۔حنا چکرورتی گاندھی جی کی زندگی اور فلسفے سے بہت متاثر ہیں اور ان کا سارا کام گاندھی جی پر مرکوز رہا ہے ۔ حنا چکرورتی کو ملک کی واحد کستوربا گاندھی میوزیم، دہلی کی کیوریٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔