ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر بارہمولہ منگا شیرپا نے آج سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں اسمبلی انتخابات۔ 2024 کے پُرامن اِنعقاد کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دورانِ میٹنگ ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے تمام نمائندگان کو آگاہ کیا کہ اِنتخابی نوٹیفکیشن کے اجرا¿ کی تاریخ سے ہی ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ ( ایم سی سی )نافذ العمل ہے اور منصفانہ اور شفاف اِنتخابات کو یقینی بنانے کے لئے ضابطہ اَخلاق پر سختی سے عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے میٹنگ میں تمام نمائندگان کو ریلیوں، جلوسوں اور عوامی جلسوں کے لئے کم از کم 48 گھنٹے پہلے اجازت حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سیاسی جماعتوں کو اِنتخابی ٹائم شیڈول کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اور ان پر زور دیا گیا کہ وہ اَپ ڈیٹ شدہ انتخابی فہرستوں کی تصدیق کریں جس میں ضلع بھر کے 908 پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔دریں اثنا، ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے اخراجات کی نگرانی کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں، ہر اسمبلی حلقہ میں انتخابی سرگرمیوں کے لئے 40 لاکھ روپے خرچ کرنے کی حد مقرر کی اور ضروری فارم، اجازت اور شیڈول حاصل کرنے کے بارے میں ان کی مکمل رہنمائی کی۔اُنہوں نے تعاون اور سلامتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سیاسی جماعتوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ہموار اور پرامن انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لئے حکام کے ساتھ قریبی تعاون کریں۔مزید برآں ، اُنہوںنے پوسٹل ووٹنگ سینٹر (پی وِی سی) کے کردار پر تبادلہ خیال کیا اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (اِی وِی ایم) کی فرسٹ لیول چیکنگ (ایف ایل سی) کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات کا اِشتراک کیا۔ اِس میں مشینوں کی رینڈمائزیشن ، کمیشننگ اور تقسیم کے بارے میں تفصیلات شامل تھیں۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے سیاسی جماعتوں کو ہوم ووٹنگ کے عمل سے بھی آگاہ کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ خصوصی ضروریات کے حامل افراد سمیت تمام اہل رائے دہندگان کو انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملے۔میٹنگ میں سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس بارہمولہ گروندرپال سنگھ، ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بارہمولہ سید قمر سجاد، سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس سوپور دیویا دیو،ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرعبدالرحمان بٹ اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔














