نئی دلی/۔چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے کارگل جنگ کی 25 ویں برسی کے موقع پر مسلح افواج کے تمام رینکوں کو اپنی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ سی ڈی ایس نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ کارگل جنگ میں بہادروں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا ‘‘یہ نہ صرف فوجیوں بلکہ ملک کے نوجوانوں کی آنے والی نسلوں کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا اور انہیں تحریک دیتا رہے گا۔’’ کارگل جنگ کی انفرادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، سی ڈی ایس نے کہا، جنگ میں نہ صرف فوجیوں کے لیے بلکہ تمام ایسے لوگوں کے لیے سبق تھے جو ملک کی سلامتی کے سلسلے میں کام کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ خون بہا کر سیکھے گئے اسباق کو فراموش نہیں کرنا چاہیے، غلطیوں کو نہیں دہرانا چاہیے اور صحیح اسباق کو تقویت دینا چاہیے۔ مسلح افواج میں جاری اصلاحات کے بارے میں، جنرل انیل چوہان نے اس بات پر زور دیا کہ تینوں افواج ایک بڑی اصلاحات کی دہلیز پر ہیں، جو تنظیمی، ساختی، تصوراتی سے لے کر ثقافتی تک ہے۔ انہوں نےکہا ‘‘ان اصلاحات کا بنیادی مقصد لڑائی کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور مسلح افواج کو جنگ کےلئے ہر وقت تیار رکھنا ہے۔ ہمیں فرسودہ طریقوں کو چھوڑنے اور نئے طریقوں کو اپنانے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اصلاحات کی شکل کو ہندوستانی ماحول اور چیلنجوں کی انفرادیت کی عکاسی کرنی چاہیے۔ اس موقع پر، سی ڈی ایس نے شہریوں کو یقین دلایا کہ مسلح افواج نئی توانائی کے ساتھ پرجوش رہتی ہیں کیونکہ ملک امرت کال میں داخل ہوچکا ہے اور وہ ہندوستان کو ‘وکست بھارت’ بنانے کے لیے ملک کے باقی حصوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر مارچ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔