کرائسٹ چرچ/ سری لنکا، پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آئندہ سیزن میں نیوزی لینڈ کا دورہ کریں گی۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کے ساتھ تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے ۔ نیوزی لینڈ کی مردوں کی ٹیم ڈومیسٹک سیزن کے دوران چھ ون ڈے اور آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی جب کہ خواتین کی ٹیم چھ ون ڈے اور چھ ٹی ٹوئنٹی میچ میں شرکت کرے گی۔ موسم گرما کے دوران نیوزی لینڈ صرف انگلینڈ کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کھیلے گا، جب کہ ستمبر اور دسمبر کے درمیان نیوزی لینڈ افغانستان (ایک ٹیسٹ)، سری لنکا (دو ٹیسٹ) اور ہندوستان (تین ٹیسٹ) کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کھیلے گا۔ نیوزی لینڈ کو 2025-26 کے سیزن میں صرف ویسٹ انڈیز کے خلاف گھریلو زمین پر دو میچ کھیلنے ہیں۔ انگلینڈ کی سیریز کے بعد نیوزی لینڈ کی مردوں کی ٹیم دسمبر کے آخر سے جنوری کے وسط تک سری لنکا کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کھیلے گی۔ اس کے بعد ٹیم 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے طور پر سہ رخی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان روانہ ہوگی۔ چیمپئنز ٹرافی کے بعد وہ مارچ کے آخر اور اپریل کے شروع میں سیزن کے آخری مراحل کے دوران پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے میچ کے لیے پاکستان کی میزبانی کریں گے ، جس کے میچ ممکنہ طور پر آئی پی ایل کے ساتھ اوورلیپ ہوں گے ۔ نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کرسمس سے کچھ وقت قبل آسٹریلیا کی میزبانی کرے گی۔ اس دوران تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس کے علاوہ مارچ کے آخر میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز بھی ہوگی۔ سری لنکا کی خواتین ٹیم مارچ کے دوران چھ میچوں کے دورے کے لیے نیوزی لینڈ جائے گی۔