اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے میں ہندوستان کے تعاون کی درخواست کی
نئی دہلی/ بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ حسن محمود نے جمعہ کو تجارت اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل سے ملاقات کی۔ میٹنگ کے دوران محمود نے ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے اور تجارت کو مزید بہتر بنانے میں ہندوستان کے تعاون کی درخواست کی۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں، بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے کہا، "بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسن محمود، ایم پی نے ہندوستان کے وزیر تجارت اور صنعت مسٹر پیوش گوئل سے ملاقات کی۔ انہوں نے ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے میں ہندوستان کی مدد کی درخواست کی۔ اس سے پہلےحسن محمود نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے بھی ملاقات کی اور علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے اور خطے اور اس سے باہر زیادہ استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے علاقائی تعاون کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا۔ بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ نے انہیں مدعو کرنے پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور حکومت ہند کا شکریہ ادا کیا۔قابل ذکر ہے کہ یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد محمود کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ جمعرات کو ، حسن محمود نے بنگلہ دیش اور ہندوستان کے درمیان مضبوط اور متنوع تعلقات کی تعریف کی، اور کامیابی کا سہرا وزیر اعظم شیخ حسینہ اور وزیر اعظم نریندر مودی کی مضبوط قیادت کو قرار دیا۔ محمود نے وزیر اعظم حسینہ اور وزیر اعظم مودی کی دور اندیش قیادت میں باہمی تعاون کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات میں خاطر خواہ ترقی پر زور دیا۔