جمہوریت کی روح اور قوم کی رہنمائی کرنے والے آئینی اصولوں کے تحفظ پر زور دیا
سرینگر/یوم جمہوریہ کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری اشوک کول نے پارٹی ہیڈ کوارٹر راجباغ سرینگر میں قومی پرچم لہرایا ۔ اس موقعے پر پارٹی سے وابستہ ارکان اور لیڈران کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔بی جے پی لیڈر اشوک کول نے اپنے خطاب میں جمہوریت کی روح اور قوم کی رہنمائی کرنے والے آئینی اصولوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے علاقے میں ترقی، امن اور خوشحالی کو فروغ دینے میں بی جے پی کے کردار کے ساتھ ساتھ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے پارٹی کی غیر متزلزل لگن کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں وادی کشمیر نے ایک بہت بڑی تبدیلی کا مشاہدہ کیا ہے اور جہاں پر لوگ اس دن راہ چلنے پر بھی خوف محسوس کررہے تھے لیکن آج لوگ یوم جمہوریہ کی تقریب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ بی جے پی جموں کشمیر کی مجموعی کی ترقی کےلئے ہر وقت کام کرنے کےلئے پر عزم ہے ۔ تقریب میں موجود بی جے پی لیڈروں اور پارٹی کارکنوں نے ہندوستانی جمہوریہ کے نظریات کے تئیں اپنی وابستگی کا اظہار کیا اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی ترقی اور بہبود کے لیے انتھک محنت کرنے کا عہد کیا۔اس موقعے پر الطاف ٹھاکر ، ساجد یوسف اور دیگر اہم لیڈران بھی موجود تھے ۔