2گاڑیاں بھی ضبط، ملزمین نے پولیس پارٹی پر بھی گولیاں چلائی
سرینگر/نوجوان کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث افراد نے پولیس پارٹی پر گولیاں چلائی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے جبکہ پولیس نے کیس میں ملوث چار افراد کی گرفتاری عمل میں لاکر کیس کو حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ گزشتہ دنوں رام گڑھ جموں کے علاقے میں اکھشے کمار نامی ایک نوجوان کاپرُاسرار طور پرقتل کاواقع رونما ہوا جسکے بعد پولیس نے دفعہ 320کے تحت کیس درج کرکے معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کردی ۔ڈی آئی جی نے ایک پُرہجوم پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیاکہ گڈوال رام بن کے نوجوان کے قتل کے معاملے کوپولیس نے حل کیا اور اس سلسلے میں اتل چودھری ،ارون چودھری ،ساحل شرما اور راکیش کمار نامی چار ملازمین کی گرفتاری عمل میںلائی گئی ۔پولیس نے گڈوال رامبن کے علاقے سے آلہ قتل اور دوگاڑیاں ضبط کرلیں۔ انہوںنے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ دو ملزم بھارت نامی ہوٹل میں چھپے بیٹھے تھے او رجب امرتسر پولیس کی ٹیم جموںو کشمیر پولیس کے ہمراہ گرفتار کرنے کے لئے گئی تو اس ہوٹل میں مقیم ملزمان نے پولیس پارٹی پرگولیاں چلائی جسکے نتیجے میں نیتا گوشن نامی سلیکشن گریڈ کانسٹیبل زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیاگیا جہاں آپریشن کے دوران اس کے جسم سے گولی نکالی گئی اور وہ خطرے سے باہرہے ۔پولیس کے سینئرافسر نے کہاکہ گرفتار کئے گئے ملزمات کے خلاف امرتسرمیں بھی کئی کیس درج ہے اور یہاںتحقیقات مکمل ہونے کے بعد انہیں امرتسر پولیس کے حوالے کیاجاسکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تحقیقات باریک بینی سے جاری ہے اور اس ضمن میں مزیدگرفتایوں کوخارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا ۔