ریاستی لیڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال، بھرپور طاقت اور مضبوطی کے ساتھ متحد ہونے کی ہدایت
نئی دہلی، 27 دسمبر/ کانگریس قیادت نے ہماچل پردیش اور آندھرا پردیش کے لیڈروں کے ساتھ ایک اہم اور اسٹریٹجک میٹنگ کی جس میں لوک سبھا انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانگریس ذرائع نے میٹنگ کے بعد بتایا کہ ان اسٹریٹجک میٹنگوں میں ہماچل پردیش کے لیڈروں کے ساتھ 2024 کے لوک سبھا انتخابات اور آندھرا پردیش کے لیڈروں کے ساتھ عام انتخابات اور ریاستی اسمبلی انتخابات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی کے صدر ملک ارجن کھڑگے ، سابق صدر راہل گاندھی، پارٹی کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، آندھرا پردیش کے جنرل سکریٹری انچارج مانیکم ٹیگور اور ہماچل پردیش کے انچارج راجیو شکلا سمیت کئی سینئر کانگریس لیڈران میٹنگوں میں موجود تھے۔ اسی سلسلے میں پارٹی قیادت نے منگل کو پنجاب، بہار، جموں کشمیر اور لداخ کے لیڈروں کے ساتھ عام انتخابات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ کانگریس کے آندھرا پردیش کے انچارج مانیکم ٹیگور نے کہا کہ پارٹی ہیڈکوارٹر میں کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے 2024 کے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی انتخابات کے بارے میں آندھرا پردیش کانگریس کے لیڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ پارٹی کارکنان ان انتخابات کو بھرپور طاقت اور مضبوطی کے ساتھ متحد ہو کر لڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے آندھرا پردیش کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور ان سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے آندھرا پردیش میں ترقیاتی کام متاثر ہوئے ہیں۔