ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات اور دوستانہ تعلقات کو خطے میں امن و امان کی واحد ضمانت قرار یتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ جواہر لعل نہرو سے لیکر منموہن سنگھ اور لال بہادر شاستری سے لیکر واجپائی تک سارے وزرائے اعظم نے امن مذاکرات کئے یہاں تک موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی لاہور جاکر اُس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کے گھر گئے تو اب بات چیت کرنے میں کیا ہرج ہے؟اطلاعت کے مطابق ان باتوں اظہار انہوں نے صوبہ جموں کے دورے کے 5ویں دن مینڈھر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس سے قبل انہوں نے راجوری اور تھنہ منڈی میں بھی پارٹی کنشنوں سے خطاب کیا اور قدیم زیارت حضرت بابا غلام شاہ بادشاہؒ شاردا شریف پر بھی حاضری دی۔ اُن کے ہمراہ پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال ، صدرِ صوبہ جموں رتن لعل گپتا، سینئر لیڈران خالد نجیب سہروردی، جاوید رانا، مشتاق گورو اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستی اور اچھے تعلقات کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ ہم لوگ بھی اسی صورت میں عزت اور امن و سکون کیساتھ زندگی بسر کرسکتے ہیں۔